مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے پر ہونے والے حملے میں فوج کے ایک کیپٹن سمیت چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ جوابی کارروائی میں بتیس شدت پسندوں بھی مارے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ منگل کی شام اپر اورکزئی ایجنسی کے صدر مقام غلجو میں کروزئی کے مقام پر پیش آیا۔
جب سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ ڈبوری سے غلجو کی جانب جا رہا تھا کہ ایک پہاڑی علاقے میں مسلح طالبان شدت پسندوں نے قافلے پر دو اطراف سے حملہ کر دیا۔
اس حملے میں چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ بارہ کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں فوج کے ایک کیپٹن بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی اور طالبان شدت پسندوں کے مراکز کو گن شپ ہیلی کاپٹروں اور بھاری توپ خانے سے کئی گھنٹوں تک نشانہ بنایا جس میں کم سے کم بتیس شدت پسند مارے گئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے رات دیر تک توپ خانے سے مسلح طالبان کے ٹھکانوں پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل اور کوہاٹ ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ